دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم کا بچہ بچہ قربانی کیلئے تیار ،ڈپٹی کمشنر ٹوبہ آمنہ منیر دشمن کی سازشیں ہمیں کمزور نہیں کرسکتیں،وقار قریشی، سعید احمد سعیدی کی گفتگو ٹوبہ ٹیک سنگھ: آرمی پبلک سکول کے شہدا کی یاد میں کلمہ چوک ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شمعیں روشن کی گئیں ، ڈپٹی کمشنرآمنہ منیر،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار قریشی اور صوبائی اسمبلی کے رکن چودھری سعید احمد سعیدی نے ضلعی حکومت کے زیر اہتمام سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کی یاد میں شمعیں جلائیں ، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رضوان الحق پوری،ڈی ایس پی نعیم عزیز سندھو، چیئرمین انجمن تاجران حاجی عبدالحمید ،صدر انجمن تاجران چودھری امجد عظیم ، صدر مجلس رفاع عامہ حافظ حفیظ الرحمن ، پی ٹی آئی کے رہنما عارف جانباز قاضی،ضلعی جنرل سیکرٹری سہیل غنی، میاں محمد اکرم سمیت سیاسی و سماجی شخصیات سمیت دیگر موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنرآمنہ منیر نے آرمی پبلک سکول پشاور کے بہادر طلبا ،اساتذہ اور دیگر سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا ،انہوں نے کہا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم کا بچہ بچہ قربانی کیلئے تیار ہے ، وقار قریشی ، چودھری سعید احمد سعیدی نے کہا دشمن کی سازشیں ہمیں کمزور نہیں کرسکتیں ،پاکستانی بہادر قوم دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے ،انہوں نے کہا پاکستانی قوم ملک کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرے گی ۔