شہر کی یومیہ طلب 2لاکھ15ہزار تھیلے ،لاک ڈاؤن کے 8 روز میں ساڑھے 11لاکھ فراہم ،قلت نہیں:وزیر خوراک لاہور : آٹا فراہمی کے 25 پوائنٹ بھی ناکافی ہو گئے ،کورونا وائرس کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر شہر میں آٹاقلت کی شکایات برقرار ہیں،آٹا ملوں کا سرکاری کوٹہ شہریوں کیلئے کم پڑ گیا ،65 ملوں سے 4800ٹن سرکاری گندم کی پسائی کے بعد آٹے کی فراہمی کا عمل جاری ہے شہر کی یومیہ طلب 2لاکھ15ہزار تھیلے ہیں جبکہ لاک ڈاؤن کے 8روزمیں ساڑھے 11لاکھ فراہم کئے گئے ۔وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری نے بتایا پنجاب میں آٹے کی قلت نہیں ، گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، نئی فصل بھی چند روز تک آجائے گی ۔شہریوں سے اپیل ہے افراتفری نہ پھیلائیں ،کورونا کے باعث ایک شخص آٹے کے 3 سے 4تھیلے خرید رہاہے ،مخیرحضرات بھی آٹا مستحق افرادمیں تقسیم کررہے ہیں، ہزاروں اضافی تھیلوں کی فروخت سے سپلائی چین متاثر ہورہی ہے ،شہری ضرورت کے مطابق ہی آٹاخریدیں ، ایک سے 2 روز میں سپلائی چین ٹھیک ہوجائیگی۔ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن میاں عاصم رضا کا کہنا تھا آج سے پانچ ہزار ٹن آٹا یومیہ خیبر پختونخوا بھجوایا جائے گا، غذائی قلت پیدا نہیں ہونے دیں گے ۔ادھر ڈی سی نے کہا تمام پوائنٹس پر گزشتہ روز 18250 بیگز بھیجے گئے جن میں سے 15744 فروخت ہوئے ۔