آئے روز مہنگائی اور اشیا ضروریہ کی قلت حکومت کی نااہلی، بیڈ گورننس کا واضح ثبوت ہے حکومت غربت کے بجائے غریب کے خاتمے کے مشن پر عمل پیرا،جماعتی احباب سے گفتگو کراچی: جمعیت علماء اسلام کے رہنما قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ آ ٹے کامصنوعی بحران وفاقی حکومت کا نیا تماشا ہے ، پنجاب سے آ ٹے کی سپلائی دھوکے اور فریب کے سوا کچھ نہیں، وفاقی حکمرانوں کے بیانات سے ان کی حقیقت ظاہر ہورہی ہے۔ وہ جامعہ رحمانیہ بفر زون کے استاد مولانا عبد المجید مسلم یار سے ان کے والد کے انتقال، قاری سلطان عمر سے ان کے بیٹے مولانا عطا اللہ عمر اور جے یو آئی کورنگی کے ڈپٹی سیکریٹری قاری عبدالرزاق قمر سے ان کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت اوردعائے مغفرت کے موقع پر جماعتی احباب سے گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر مولانا گل محمد تالونی، مولانا زرین شاہ، مولانا گل حسین کمال، مولانا عنایت اللہ محسود، مولانا سلطان محمود، پیر ضیا الرحمن نقشبندی اور دیگر موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے مزید کہاکہ عوام حکومت سے نجات کی دعائیں مانگ رہے ہیں، اشیائے خور و نوش، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز تاریخ کے بدترین اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے ، اس کے باوجود اب آٹے کا بحران کھڑا کرنا عوام سے زندہ رہنے کا حق چھیننے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئے روز ہوشربا مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قلت حکومت کی نااہلی اور بیڈ گورننس کا واضح ثبوت ہے ،موجودہ حکومت غربت کے بجائے غریب کے خاتمے کے مشن پر عمل پیرا ہے ،تبدیلی غریبوں کے استحصال، ملکی معیشت کی تباہی اور بیرونی ایجنڈے کو مسلط کرنے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ایک بار پھرسڑکوں پر نکلنا ہو گا۔