اسلام آباد: معروف گلوکار ابرارالحق کی بہ طور چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی تعیناتی کے کیس میں دلائل مکمل ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہلال احمر چیئرمین کیس میں دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا، یہ فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی، وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ سوال صرف ایک ہے، کس رول کے تحت ابرارالحق کو تعینات کیا گیا، کیا یہ انتظامی امور ہیں جو وزیر اعظم نے چلانے ہیں، وفاقی حکومت کو اختیار نہیں، منیجنگ باڈی کے پاس اس کی اتھارٹی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے عدالت کو بتایا کہ رولز میں ترمیم کیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ ہائی کورٹ کی جانب سے کیس سے متعلق فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ 15 نومبر کو ابرار الحق کو ہلال احمر کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد ابرار الحق کی تقرری کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔ تاہم 18 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماجی کارکن اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر کی تعیناتی کا حکم معطل کر دیا تھا۔