لہسن چائنہ 270 سے 360،ادرک 300 سے 350روپے کلو ہوگئی،مٹر 5 ،آلواور گاجر کی قیمت میں 6،6 روپے اضافہ ،پیاز44 روپے کلو پر برقرارٹماٹر23 روپے سستے ،50 کا کلو ،آٹا 20کلو تھیلہ مارکیٹ سے 15 روپے کم 790 میں دستیاب رہا ،وحدت روڈ ماڈل بازار میں چینی میسر نہیں تھی لاہور: اتوار بازاروں میں ٹماٹر سستا ہو اتو چین سے سپلائی متاثر ہونے سے ادرک اور لہسن مہنگے ہو گئے ۔ٹماٹر کی قیمت 23 روپے کلو کم ہوئی لہسن 90روپے اور ادرک کے نرخ 50روپے کلو بڑھ گئے ۔ گزشتہ اتوار بازار کے مقابلے میں ہفتہ بھر میں چند سبزیاں سستی ہوئیں تو کچھ سبزیاں مہنگی بھی ہو گئیں۔ ادرک چائنہ گزشتہ اتوار بازار کے مقابلے میں 50روپے اضافے سے 300 سے 350روپے کلو ہوگئی۔لہسن چائنہ 90 روپے اضافے سے 270 سے 360روپے کلو ہو ا ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق کورونا وائر س سے پیدا ہونے والے حالات سے چین سے سامان کی ترسیل کم ہونے کی وجہ سے ان اشیا کی قیمتوں میں تیزی آئی۔ مقامی سبزیوں میں مٹر5 روپے اضافے سے 120 جبکہ آلواور گاجر 6 روپے اضافے سے 34 روپے کلو ہو گئے ۔پیاز بدستور 44 روپے کلو میں فروخت ہوا۔ٹماٹر کا زور ٹوٹنے لگا اور اصل قیمت کی طرف واپسی ہونے لگی ہے ۔ٹماٹر کی قیمت ایک ہفتے میں 23 روپے کم ہو کر 73 روپے سے 50 روپے کلو رہ گئی ۔پالک 30اور پھول گوبھی 36روپے کلو فروخت ہوئی جبکہ بینگن کی قیمت 93 روپے کلو رہی ۔آٹا20کلو تھیلہ عام مارکیٹ کے مقابلے میں 15 روپے کم نرخ پر 790روپے میں دستیاب رہا۔ادھر اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 90 روپے تک جا پہنچی تو وحدت روڈ ماڈل بازار میں لگے کریانہ سٹورز سے چینی غائب ہو گئی۔ دکان داروں کا کہنا تھا چینی کا سرکاری ریٹ 70 روپے ہے اس قیمت پر تو تھوک میں بھی نہیں مل رہی۔