لاہور: چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے ہدایت کی ہے کہ صوبے میں وزیر اعظم احساس کفالت پروگرام کے تحت جاری مالی امداد کی تقسیم کیلئے قائم سینٹرز میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے سلسلے میں ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت صوبے میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب شعیب دستگیر، کمشنر لاہور سیف انجم اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم احساس پروگرام کے تحت تین روز میں صوبے میں 6.74ارب روپے کی امدادی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ فیلڈ ہسپتالوں کے قیام سے کورونا وائر س کے مریضوں کیلئے علاج معالجے کی سہولتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ایکسپورٹ آرڈر کی بنیاد پر صنعتوں کو کھولنے کی مشروط اجازت اور ایس اوپیزپر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اورچیمبر آف کامرس کے تعاون سے ان فیکٹریوں سے ایکسپورٹ آرڈر کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیں۔