اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اداروں کی مضبوطی جمہوریت کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر تازہ پیغام میں کہا ہے کہ بیرونی عناصر اور ان کے اندرونی آلہ کار ملک کو عدم استحکام اور اداروں کو کم زور کرنے کے مذموم عزائم میں ناکام ہوں گے۔ انھوں نے ٹویٹ میں لکھا ’ادروں کی مضبوطی ملکی ترقی، جمہوریت کے فروغ اور عوامی فلاح کے لیے ناگزیر ہے۔‘ https://twitter.com/Dr_FirdousPTI/status/1207862273852805121 فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کے روشن مستقبل کے خلاف سازشی عناصر کو شکست دیں گے، ملک کے تمام اداروں میں ہم آہنگی اور باہمی اعتماد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ معاون خصوصی نے مزید لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور عسکری قیادت مل کر احسن انداز سے ملک کو درپیش چیلنجز سے نکال رہے ہیں، ملک معاشی استحکام اور ترقی کی منزل پر گام زن ہے۔ خیال رہے کہ خصوصی عدالت کی جانب سے سابق صدر اور آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں سزائے موت کے فیصلے کے بعد ملک میں اداروں کے مابین ایک نیا تناؤ پیدا ہو گیا ہے۔