کراچی: ’’پرچی‘‘اور’’جاناں‘‘جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار علی رحمان خان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے ملازم پر چلاتے ہوئے اس کی بے عزتی کررہے ہیں۔ پاکستان شوبز انڈسٹری میں اداکار علی رحمان کا نام نیا نہیں وہ کئی کامیاب فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں جب کہ اداکارہ حریم فاروق کے ساتھ ان کی جوڑی کو بے حد پسند کیاجاتا ہے تاہم حال ہی میں ان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ نجی ریسٹورنٹ کے ملازم(کیشئر) پر نہ صرف چلارہے ہیں بلکہ رعب جھاڑتے ہوئے اس کی بے عزتی بھی کررہے ہیں۔ https://twitter.com/Unum4/status/1198142152313901056 ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ علی رحمان ملازم پر چلاتے ہوئے کہہ رہے ہیں آپ کو پتہ ہے میں کون ہوں، آپ نے مجھے کبھی ٹی وی پر دیکھا ہے؟ آپ یہاں ملازم ہیں اورآپ کا کام ہے میری بات ماننا۔ دوسری طرف ریسٹورنٹ کا ملازم علی رحمان کی بدتمیزیوں کو برداشت کرتے ہوئے نہایت تحمل سے ان سے بات کررہا ہے اور کہہ رہاہے کہ سر آپ ناراض نہ ہوں آپ ٹھیک ہیں لیکن علی رحمان پھر بھی مسلسل اس شخص پر چلارہے ہیں۔ تاہم جیسے ہی اداکار علی رحمان کو اس بات کا احساس ہوا کہ کوئی ان کی ویڈیو بنارہاہے ویسے ہی وہ خاموش ہوگئے۔ https://twitter.com/SassiLannister/status/1198149151634186240 علی رحمان کی اس حرکت پر سوشل میڈیا صارفین شدید غصے میں ہیں ایک صارف نے لکھا انہیں ٹیلنٹ سے عاری علی رحمان کبھی پسند نہیں تھے لیکن اس ویڈیو میں ان کا ملازم کے ساتھ رویہ بہت خراب ہے۔ گھر میں تو کوئی آپ کو دوسری روٹی بھی نہیں پوچھتا ہوگا یہاں بول رہے ہو مجھے ٹی وی پر دیکھا ہے۔ ایک صارف نے لکھا ’’ آپ کو پتہ ہے میں کون ہوں‘‘ اس کا مطلب کیا ہے؟ علی رحمان کو ایک برگر یا پزا خریدنے کے لیے اتنا شو آف کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیوں ہم پاکستانی عاجزی نہیں دکھاسکتے۔ تاہم کچھ لوگ اس ویڈیو پر شدید ردعمل کا مظاہرہ کرنے کے بجائے کہہ رہے ہیں کہ ہمیں تصویر کا دوسرا رخ نہیں معلوم۔