ڈپٹی کمشنر محمد علی نے مختص اراضی پر پودا لگا کر پہلے مرحلے کا آغازکیا فیصل آباد: حکومت پنجاب کے کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت تحصیل تاندلیانوالہ کے چک 558 گ ب میں اربن فاریسٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں تین سو ایکڑ سرکاری اراضی پر ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے مرحلہ وار پروگرام کے تحت پندرہ لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے مختص اراضی پر پودا لگا کر پہلے مرحلے کا آغازکیا۔اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ محمد اورنگزیب سندھو ،دیگر افسروں کے علاوہ مخیر شخصیت رضانواب اور عمائدین علاقہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ چک 558 گ ب میں پہلے مرحلے میں ایک سو بارہ ایکڑ سرکاری اراضی پر لگنے والے جنگل میں سول سوسائٹی کی معاونت قابل ستائش اور اس امر کا ثبوت ہے کہ وطن عزیز کو سرسبزوشاداب بنانے کے لئے تمام شعبے اور شہری حکومت کے ساتھ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اربن فاریسٹ میں سنبل، ٹالی، شہتوت، جامن، بوہڑ سمیت دیگر اقسام کے قد آور پودے لگائے جارہے ہیں جن کی دیکھ بھال اورنشوونما کے لئے بھی موثر انتظامات کریں گے تاکہ یہ پروان چڑھیں اور ماحول کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے ۔