ٹریننگ کے انعقاد سے اساتذہ مستفیدہونگے اور طالب علمو ں کی بھی رہنمائی ہو گی ملتان: شعبہ سیاسیات بہاؤ الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر کی جانب سے یونیورسٹی فیکلٹی ممبران کے لئے کریٹیکل تھنکنگ اینڈ لیڈر شپ کے موضوع پر ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔ اس ٹریننگ میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں سے 50 سے زائد اساتذہ نے شرکت کی۔ ٹریننگ کے لئے مشہور ٹرینر رفیق جعفر کو فیض گھر لاہور سے مدعو کیاگیا۔ اس ٹریننگ کے آخری روز ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہاکہ اساتذہ کی ٹریننگ بہتر مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں لیڈر شپ کی بہت کمی ہے اور اس قسم کی ٹریننگ کے انعقاد سے ایک طرف اساتذہ مستفید ہونگے تو دوسری طرف وہ اپنے طالب علمو ں کی بھی بھرپور رہنمائی کریں گے اور اس طرح یہ سلسلہ تمام معاشرے تک پہنچ جائے گا۔وائس چانسلر نے کہاکہ ملک و قوم کی ترقی میں اساتذہ اور تعلیم یافتہ نوجوان کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے ۔پروفیسر طالب علم میں تحقیق و جستجو کو جلا دیتا ہے اور مستقبل میں کامیابی کی راہ پر گامزن کرتا ہے ۔