اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئین کیدفعہ 89 کے تحت صدر کو دیے گئے اختیارات کی وسعت اور وفاقی حکومت کے معمول کے افعال چلانے کے لے صدر عارف علوی کی جانب سے جاری کردہ آرڈیننس کے مستقبل پر سوالات کھڑے کردیے۔ عدالت نے سینئر وکیل بابر اعوان، عابد حسن منٹو، رضا ربانی اور مخدوم علی خان کو عدالتی معاون تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ اٹارنی جنرل کوبھی اس معاملے میں تعاون کرنے کی ہدایت کی۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے آرڈیننس کی قانونی حیثیت کا تعین کرنے کے لیے متعدد سوالات کھڑے کردیے۔عدالت آئین کی دفعہ 89 کے تحت دیے گئے اختیارات کا دائرہ کار اور یہ جاننا چاہتی تھی کہ کیا دفعہ70 اور 80 میں بتائی گئے قانون سازی کے عمل کو ایک طرف رکھ کر ان اختیارات کا معمول کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ عدالت نے یہ بھی پوچھا کہ ’کیا صدر کا منظور کردہ آرڈیننس اس نوعیت کا ہے کہ اس ضمن میں مقرر کردہ تقاضوں کو پورا کرے‘۔اس کے علاوہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئین کی دفعہ 89 کے تحت بتائی گئی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جاری کیے گئے آرڈینسس کے مستقبل کے حوالے سے بھی قانونی رائے طلب کی۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سیکریٹری قانون اور انصاف کو 15 روز کے اندر تحریری جواب جمع کروانے کی بھی ہدایت کی۔ خیال رہے کہ یہ درخوات پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وکیل بیرسٹڑ محسن شاہنوا رانجھا نے دائر کی تھی اور عدالت پر زور دیا تھا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ آرڈیننس کو ’غیر قانونی، اپاکستان کے آئین کی دفعہ 89 کے تحت تفویض کیے گئے اختیار کی خلاف ورزی پر غیر آئینی اور بدنیتی پر جاری قرار دیا جائے‘۔درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ عمر گیلانی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ صدارتی آرڈیننس کو ’ہنگامی صورتحال‘ میں جاری کیے جاتے ہیں انہیں وفاقی حکومت کے ’معمول کے امور‘ چلانے کے لیے نافذ کیا جارہا ہے۔صدر پر اپنے اختیارات کا ’منصفانہ استعمال نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عدالت پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کی خلاف ورزی کی اور ان کا مواخذہ طلب کیا۔ درخواست کے مطابق آرڈیننس عارضی قانون سازی کی ایک صورت ہے اور آئین ان 2 صورتوں میں آرڈیننس جاری کرنے کی اجازت دیتا ہے: (1) جب قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس نہ ہورہے ہوں، (2) اگر صورتحال ایسی ہو کہ جس میں فوری کارروائی کی ضرورت ہو۔درخواست کے مطابق چونکہ صدر وفاقی حکومت کی تجویز پر کام کرتا ہے لہٰذا آرڈیننس کے اجرا کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔پارلیمان کے ایوانِ زیریں کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق صدر عارف علوی 24 ستمبر 2018 سے کم از کم 20 آرڈیننس جاری کرچکے ہیں جس سے بظاہر یہ لگتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پارلیمانی قانون سازی کو جس حد تک ممکن ہوسکے نظر انداز کرنے کے لیے ’آرڈیننس کو قانون سازی کے معمول کے طریقہ کار کی حیثیت سے اختیار‘ کرلیا ہے۔ 30اکتوبر 2019 کو صدر عارف علوی نے 8 آرڈیننس جاری کیے تھے جن میں ’لیٹر آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹ آرڈیننس 2019، انفورسمنٹ آف ویمن پراپرٹی رائٹس آرڈیننس 2019، بے نامی ٹرانزیکشن(روک تھام) ترمیمی آرڈیننس 2019، سپیریئر کورٹس (کورٹ ڈریس اینڈ موڈ آف ایڈریس) آرڈر (ریپیل) رڈیننس 2019، نیشنل اکائنٹبلیٹی (ترمیمی) رڈیننس 2019، لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی آرڈیننس 2019: وہسل بلوور ایکٹ‘ شامل ہیں۔ عدالت نے مذکورہ بالا ہدایت جاری کرتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 21 جنوری تک ملتوی کردی۔