والدین کل بچوں کو ایسے اسکول یا صحت مرکز لیکر آئیں جہاں مہم کا بینر لگا ہو،سیکریٹری صحتمہم کا مقصد 5 لاکھ سے زائد بچوں کو علاج کی فراہمی ہے ، تقریب سے زاہد عباسی ودیگر کا خطاب کراچی: سیکریٹری صحت سندھ زاہد علی عباسی نے کراچی کے چھ اضلاع میں صحت کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ سندھ ڈی ورمنگ انیشی ایٹو کی پہلی اجتماعی ڈی ورمنگ (آنتوں کے کیڑے مارنے) کی مہم شروع کر دی، اسکولوں کی سطح پر شروع کئے جانے والے پروگرام کامقصد 5 لاکھ سے زائد بچوں کو منتخب سرکاری و نجی اسکولوں اور صحت کے 145 مراکز میں مفت علاج کی فراہمی ہے ، یہ سہولت پہلی سے دسویں جماعت تک کے 5سے 14 سال کی عمر کے اسکول جانے اور نہ جانے والے بچوں کو فراہم کی جائے گی۔ زاہد علی عباسی نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ بڑے پیمانے پر ڈی ورمنگ مہم ہمارے بچوں کی جسمانی اور علمی نشوونما کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سے بچوں کے جسم میں انفیکشن کے خلاف مزاحمت پیدا ہوگی، بڑے پیمانے پر مہم کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ اس موقع پر سیکریٹری صحت زاہد علی عباسی،ایڈیشنل کمشنر II کراچی ڈاکٹر وقاص، ڈائریکٹر اسکولز سندھ ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ حمید کریم نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو ایسے قریبی سرکاری ونجی اسکول یا صحت کے مراکز میں لے کر آئیں جن پر مہم کا بینر آویزاں ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی ورمنگ مہم میں اسکول جانے اور نہ جانے والے بچوں کو ہدف بنایا گیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ کوئی بھی بچہ اس سہولت سے محروم نہ رہ جائے ۔ ڈی ورمنگ ڈے کل پہلی سے دسویں جماعت تک کے 5سے 14سال تک کے بچوں کیلئے منایا جارہا ہے ، جبکہ اس مقصد کے تحت 30 جنوری سے 7 فروری تک صحت عامہ کے منتخب مراکز میں ڈی ورمنگ ویک منایا جائے گا۔