پرویزمشرف کو سزائے موت کا فیصلہ عمومی طور پر انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے عدالتی فیصلے سے ملک میں غیر یقینی کی سی صورتحال پیدا ہوگئی، سربراہ سنی تحریک کراچی : سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک میں آئین وقانون کی بالادستی چاہتے ہیں،انصاف کے تقاضے پورے کیے بغیر کیے گئے فیصلوں سے عدل وانصاف کو دھچکا لگے گا،اعلیٰ عدلیہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف دیے گئے فیصلے کا ازخود نوٹس لے، سابق صدر کو سزائے موت کا فیصلہ عمومی طور پر انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے ، ہائی پروفائل کیس میں اس طرح کا فیصلہ سوالیہ نشان ہے ۔ سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سنی تحریک چاہتی ہے کہ ملک کے آئینی ادارے طاقتور ہوں، انصاف کا بول بالا ہو اور ملکی سلامتی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے ،عدالتوں کا احترام اور آئین وقانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں مگر ایسے فیصلے آئین کی روشنی میں بھی سوالیہ نشان ہوں گے ۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی بالادستی چاہتے ہیں مگر موجودہ حالات میں جمہوریت غریب کو ریلیف فراہم نہیں کرپارہی ہے ،ملک میں قرآن وسنت کی بالادستی کو ہر حال میں یقینی بنانا ہوگا، نظام مصطفی ؐ کا نفاذ ہی تمام مسائل حل اور انصاف کا پرچم بلند کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے خلاف عدالتی فیصلے سے ملک میں غیر یقینی کی سی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ،خصوصی عدالت سے اپیل ہے کہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔