معروف اداکاروں اقرا عزیز اور یاسر حسین نے اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کردیا، دونوں کی شادی کا انوکھا و مزاحیہ کارڈ جلد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ اقرا عزیز اور یاسر حسین نے شادی کی تاریخ کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر کیا۔ شادی کے کارڈ میں دونوں کی خوبصورت السٹریشن بنی ہوئی ہے۔کارڈ کا متن بھی خاصا دلچسپ ہے۔ کارڈ میں لکھا گیا ہے، خادم صاحب کا لڑکا یاسر (دیر آیا درست آیا)، عزیز صاحب کی لڑکی اقرا (سمجھداری کی مثال)۔ کارڈ کے مطابق یہ جوڑا رواں برس 28 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہا ہے جس کی وجہ کارڈ پر یہ لکھی گئی کہ سنہ 2020 میں مزید مہنگائی ہوجائے گی۔ کارڈ کے آخر میں لکھا گیا ہے، تحفوں کی ضرورت نہیں، البتہ سلامی مشوروں کی طرح دیں یعنی دل کھول کر۔ https://www.instagram.com/p/B6KYY99jvTi/?utm_source=ig_web_copy_link خیال رہے کہ اقرا عزیز نے چند ہی ڈراموں سے بہت جلد اداکاری میں اپنا لوہا منوا لیا ہے جبکہ ان کے مداحوں کی تعداد بھی دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔ یاسر حسین نے رواں برس ایک ایوارڈ کی تقریب میں اقرا کو شادی کی پیشکش کی تھی جسے کچھ لوگوں نے پسند کیا جبکہ کچھ نے اسے پبلسٹی اسٹنٹ قرار دیتے ہوئے اس پر خاصی تنقید کی۔