پاکستان کے عوام واشنگٹن کی پالیسیوں سے بیزار ہیں، امریکہ نے قاسم سلیمانی نہیں، پوری مسلم امہ پر حملہ کیا ، لیاقت بلوچ امریکہ نے 6مسلم ممالک کو تباہ کیا، اس کی نظریں اب ایران پر ہیں ، تہران نے امریکہ کا غرور خاک میں ملا دیا، اسلم بیگ ، امین شہیدی ، جواد نقوی اسلا م آباد: تحریک بیداری امت مصطفی کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس میں مقررین نے کہا ہے کہ،امریکہ نے ایران، فلسطین، لبنان، عراق اور افغانستان سمیت مسلم دنیا میں آگ لگا رکھی ہے اس کا مقابلہ کرنے کے مسلم امہ کو متحد ہونا ہی پڑے گا۔ جنرل قاسم سلیمانی جرات اور بہادری کا نمونہ تھے ،امریکہ نے قاسم سلیمانی پر حملہ نہیں بلکہ پوری مسلم امہ پر حملہ کیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے پریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا جس کی صدارت تحریک کے سربراہ سید جواد نقوی نے کی۔ مقررین نے کہا کہ پاکستانی عوام امریکہ اور اسکی پالیسیوں سے بیزار ہیں۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ نے جنرل قاسم سلیمانی پر نہیں بلکہ پوری مسلم امہ پر حملہ کیا ہے ۔ ا مریکہ اور مغرب نے ایران پر یک طرفہ جنگ مسلط کی ہے ۔ امریکہ کا مقابلہ کرنے کے مسلم امہ کو متحد ہونا ہی پڑے گا،مسلم امہ کو اس بات سے نکلنا ہوگا کہ کون شیعہ، کون سنی اور کون دیوبندی ہے ،جنرل ریٹائرڈ اسلم بیگ نے کہا کہ نائن الیون کے بعد امریکہ نے چھ مسلم ممالک کو تباہ کر کے رکھ دیا ، امریکہ کی نظریں اب ایران پر ہیں ،تمام تر مشکلات اور پابندیوں کے باوجود ایران ڈٹ کر استعمار کا مقابلہ کر رہا ہے ۔ ایران نے امریکہ کا غرور خاک میں ملا دیا، علامہ امین شہیدی نے کہا کہ امریکہ کا وجود عالم انسانیت کے لئے ناسور سے کم نہیں،استعمار کے خلاف امت مسلمہ کو متحد ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔