فیصل آباد: ڈپٹی کمشنر محمد علی نے سخت ہدایت کی ہے کہ موجودہ سیزن میں ڈینگی کے انسداد کے لئے جامع مائیکرو پلان ترتیب دیکر بھرپور ذمہ دارانہ عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے لئے احساس اجاگر کرنے کے ساتھ سرویلنس سرگرمیوں کو موثراورنتیجہ خیز بنا کرڈینگی کی ممکنہ افزائش کا تدارک کریں۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں انسداد ڈینگی کے سلسلے میں حفاظتی وانسدادی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل ربی چیمہ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے ڈینگی کنٹرول ڈاکٹراورنگزیب کے علاوہ دیگرمحکموں کے افسر اجلاس میں شریک تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں ڈینگی کیخلاف مہم پورے جذبے کیساتھ جاری رکھی جائے اس سلسلے میں روزانہ کا سرویلنس شیڈول بنا کر عملدرآمد کرائیں جبکہ محکمانہ کوشش کسی لمحہ بھی ماند نہیں پڑنی چاہئیں تاکہ ڈینگی کا مسئلہ سر نہ اٹھاسکے ۔ انہوں نے کہا انسداد ڈینگی کیلئے ٹیموں کی سرویلنس کے شیڈول سے متعلق مساجد میں اعلانات کرائیں تاکہ شہری تعاون کریں اور ڈینگی کے تمام تر ذرائع کا سدباب ہو۔ڈپٹی کمشنر نے کہاگزشتہ سیزن میں سامنے آنیوالی خامیوں کو دور کرنے کیلئے موثرترین اقدامات کئے جائیں تاکہ موجودہ سیزن میں کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بہترانداز میں نمٹاجاسکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی مہم میں لوکل گورنمنٹ ، اوقاف،ہائر ایجوکیشن اور محکمہ خوراک کی ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اوراے ڈی سی جنرل کو ان کے خلاف محکمانہ ایکشن کی ہدایت کی۔