شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار نعمان اعجاز نے اداکار ہمایوں سعید کی اداکاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ایک دن ہمایوں سعید بھی حادثاتی طور پر اداکاری سیکھ جائیں گے۔ حال ہی میں پاکستان کے نامور اداکار نعمان اعجاز کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ واسع چوہدری کے ساتھ بیٹھے لائیو سیشن کرتے ہوئے معروف اداکاروں ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کی اداکاری پر طنزیہ تبصرہ کرتے نظر آرہے ہیں۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں اداکار و رائٹر واسع چوہدری کے ساتھ بیٹھے نعمان اعجاز نے کہا کہ ’میں کل رات سوشل میڈیا پر کچھ مواد تلاش کر رہا تھا تو اُسی دوران ہمایوں سعید کی ایک ویڈیو کلپ سامنے آگئی جسے دیکھ کر میں یہ کہنا چاہوں گا کہ وقت کے ساتھ لوگ بہت کچھ سیکھ جاتے ہیں لیکن ہمایوں ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔‘ نعمان اعجاز نے ہمایوں سعید کی اداکاری پر طنریہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ اگر ہمایوں سعید اِسی طرح محنت کرتے رہے تو وہ ایک دن ضرور حادثاتی طور پر اداکاری سیکھ جائیں گے۔‘ اداکار نے کہا کہ ’میرا اللّہ پاک پر پورا ایمان ہے اور انسان کو اللّہ کی ذات سے مایوس نہیں ہونا چاہیے تو انشا اللّہ ہمایوں کو بھی ایک دن کام آجائے گا۔‘ ہمایوں سعید کی اداکاری پر تبصرے کے بعد واسع چوہدری نے نعمان اعجاز سے اداکار عدنان صدیقی کی اداکاری کے بارے میں سوال کیا جس پر نعمان اعجاز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’عدنا ن صدیقی صاحب بھی ہمایوں کے پیشوا ہیں، اُن ہی کے نقشِ قدم پر چلتے ہیں۔‘نعمان اعجاز نے عدنان صدیقی کی کامیابی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر اللّہ پاک نے اِس عُمر میں عدنان صدیقی کو مقبولیت اور ترقی کی نعمت سے نوازا ہے تو میرا اندازہ ہے کہ ابھی زیادہ دیر نہیں ہوئی ہے۔‘ یاد رہے کہ نعمان اعجاز کے اِس طنزیہ تبصرے پر جہاں اُن کے مداح اُن کو سرہاتے نظر آرہے ہیں تو وہیں کچھ سوشل میڈیا صارفین اداکار کے اِن باتوں پر ناخوش بھی نظر آرہے ہیں۔