تازہ ترین

اورنج لائن منصوبہ 4ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

اورنج-لائن-منصوبہ-4ماہ-میں-مکمل-کرنے-کی-ہدایت

ابتدائی طور پر 25 بسوں کی خریداری کا طریقہ وضع کیا جائے، بہترین بسیں خریدی جائیں جن میں40مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو ،وزیراعلیٰ مراد علی شاہ گرین لائن پروجیکٹ مینجمنٹ کے ساتھ سہولت پر عملدرآمد کرنے کے معاہدے کی بھی ہدایت ،ریڈ لائن کو ٹینڈر کے مراحل کے لیے تیار کیا جائے ،اجلاس سے خطاب کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی ہے کہ اورنج لائن پروجیکٹ آئندہ چار ماہ کے اندر مکمل اور ریڈ لائن کو ٹینڈر کے مراحل کے لیے تیار کیا جائے ۔ انہوں نے یہ ہدایت جمعہ کووزیر اعلیٰ ہاؤس میں بی آر ٹی ایس ، اورنج لائن اور ریڈ لائن منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ ، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ ، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب ، قائم مقام چیف سیکریٹری محمد وسیم ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ روشن شیخ ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ عباس ڈیتھو ، ایم ڈی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ خالد شیخ و دیگر نے شرکت کی۔ وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن پر جاری کام تقریباً آخری مراحل میں ہے ۔ اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے انہیں ہدایت کی کہ وہ اسے آئندہ تین ماہ کے اندر مکمل کریں اور اس کے ساتھ ساتھ بسوں کی خریداری اور ابتدائی طور پر 25 بسوں کی خریداری کا طریقہ وضع کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ بہترین بسیں خریدی جائیں جن میں40 مسافروںکے بیٹھنے کی گنجائش ہو، 80 مسافر کھڑے ہونے کی گنجائش یا مزید بڑی بسیں جو ڈبل گنجائش کی حامل ہوں خریدی جائیں۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس حوالے سے تجاویز کو حتمی شکل دیں۔ انہوں نے وزیر ٹرانسپورٹ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ گرین لائن پروجیکٹ مینجمنٹ ، وفاقی حکومت سے بات کریں تاکہ یکساں گنجائش والی بسیں خریدی جاسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ پہلے ہی نمائش میں انڈر پاس اور میزنائن فلور کی تعمیر کے لئے 962 ملین روپے کی منظوری دے چکے ہیں، محکمہ خزانہ نے معاملہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کو بھیج دیا ہے جو رقم جاری کرنے کے لئے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ سرجانی ٹاؤن میں گرین لائن بس ڈپو کے لئے زمین منصوبے کے نام پر منتقل کردی گئی ہے جس کا محکمہ بلدیات پیر تک نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو گرین لائن پروجیکٹ مینجمنٹ کے ساتھ سہولت پر عملدرآمد کرنے کے معاہدے کی ہدایت کی، اس منصوبے کو وفاقی حکومت تین سال تک چلائے گی اور اس کے بعد عملاً جاری رکھنے کے لئے اسے حکومت سندھ کو منتقل کردیا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ وہ ٹرک اسٹینڈ کو ماڑی پور سے ناردرن بائی پاس منتقل کرنے کے انتظامات کرے اور سپر ہائی وے پر انٹر سٹی بس ٹرمینل کی تعمیر کے لئے بورڈ آف ریونیوسے ایک سو ایکڑ اراضی منتقل کی جائے ۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں