چوبرجی سے علی ٹاؤن پلرز کی صفائی ،کواپ سٹور میں غیر قانونی اشتہار اتار دئیے گئے آپریشن روزانہ،بغیر اجازت اشتہار لگانے والوں پرمقدمہ ہو گا:ڈی جی پی ایچ اے لاہور : روزنامہ دنیا کی خبر پر پی ایچ اے نے اورنج ٹرین ٹریک کے ستونوں پرغیر قانونی اشتہاری مہم کے خلاف آپریشن شروع کر دیا۔ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پلرز کی صفائی کا کام شروع کر دیا گیا،کوآپ سٹور چوک میں پی ایچ اے کے مارکیٹنگ سٹاف نے پلرز پر لگے تمام غیر قانونی اشتہارات اتار دئیے ۔ عملے نے چوبرجی کے قریب پلرز کو پانی سے دھونے کے ساتھ ساتھ عرصہ دراز سے لگے پوسٹرز بھی اتار دئیے ۔انسپکٹر مارکیٹنگ محمد حفیظ کا کہنا ہے تمام پلرز پر آپریشن کلین اپ شروع کر دیا گیا،مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو دن بھر صفائی کر رہی ہیں جبکہ لوگوں کو انتباہ بھی کر رہی ہیں کہ پلرز پر اشتہارات چسپاں نہ کریں۔ ڈائریکٹر مارکیٹنگ پی ایچ اے رابعہ ریاست نے کہا غیر قانونی اشتہاری مہم کے خلاف سخت پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ڈی جی پی ایچ اے مظفر خان سیال کا کہنا ہے غیر قانونی اشتہاری مہم ختم کرنے کا آپریشن روزانہ کی بنیاد پر ہوگا،دوبارہ بغیر اجازت اشتہار لگانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔