فیصل آباد: ڈپٹی کمشنر محمد علی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی اوورچارجنگ کی بعض عوامی شکایات کو چیک کرنے کے لئے مختلف مارکیٹوں اور بازاروں میں پہنچ گئے اور پھلوں،سبزیوں،گوشت ودیگر اشیائے صرف کی قیمتوں ومعیار کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر صدر عمرمقبول اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے خریداری کے لئے موجود صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے پھلوں وسبزیوں اور گوشت کی قیمت ومعیار کے بارے میں دریافت کیا اور کہا اوورچارجنگ کو روکنے کے لئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے اس سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ٹاسک تفویض کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کو بھاری جرمانے اور ان کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو تاکید کی کہ وہ گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھیں اور من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے ۔