کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے ضلع وسطی کی مختلف تاجر تنظیموں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کے ہمراہ اعلان کیا ہے کہ سندھ حکومت احتیاطی تدابیر کے ساتھ 4مئی بروزپیر تک کاروبار اور دوکانیں کھولنے کا واضح اعلان کرےبصورت دیگر منگل سے احتیاطی تدابیر کے ساتھ احتجاج کیا جائے گا،جماعت اسلامی تاجروں کے احتجاج میں ان کے ساتھ ہے، پیر 4مئی کو ادارہ نورحق میں کمیٹی کا اجلاس ہوگا اور آئندہ کالائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، کاروباری طبقے کو مزید پریشان اور کاروبار کو تباہ و برباد نہیں ہونے دیا جائے گا، حکومت نے جو ایس او پیز بنائی ہے وہ کسی صورت قابل عمل نہیں۔حکومت بتائے کہ اس نے 40دنوں کے اندر لاک ڈاؤن میں جو اعلانات اور وعدے کئے تھے ان میں سے کتنے پورے کیے،عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا،خاص طور پر مزدور،محنت کش اور تاجر برادری سخت پریشان ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت ریلیف سینٹر نارتھ ناظم آباد میں تاجروں کے ایک اجلاس سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان،آل پاکستان اسمال ٹریڈرز آرگنائزیشن کے صدر محمود حامد،پیپر مارکیٹ کے نمائندے ملک نعیم،چیف پیٹرن حیدری مارکیٹ ایسوسی ایشن کراچی سید اختر شاہد،مینا بازار کریم آباد ایسوسی ایشن کے جمیل اختر،نائب صدر گلبہار ایسوسی ایشن مظفر الاسلام،لیاقت آباد ٹریڈ الائنس ایڈایسوسی ایشن کے بابرخان بنگش،صدر لیاقت آباد فرنیچر مارکیٹ ایسوسی ایشن رحیم جسکانی،جنرل سکریٹری واٹر پمپ مارکیٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن مقصود احمد ملک،جیکسن مارکیٹ کے عبد العلیم،لیاقت آباد مارکیٹ ایسوسی ایشن کے فراز احمد، نائب امیر ضلع وسطی وجیہ حسن ودیگر نے بھی خطاب کیا۔