لاہور : آمدن سےزائداثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈرشہبازشریف نیب کے سامنے پیش ہوگئے ، نیب نے شہباز شریف کیجانب سے بھیجے گئے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انھیں طلب کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈرشہبازشریف آمدن سےزائداثاثہ جات کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے دفتر میں پیش ہوگئے اور شہباز شریف نیب مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو سوالات کےجوابات دیں گے۔خیال رہے نیب نے شہبازشریف کو اس کیس میں تیسری بارطلب کیاگیا تھا اور مطلوبہ دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی تھی، شہباز شریف دونوں مرتبہ ملک میں ہونے کے باوجود پیش نہیں ہوئے تھے ، انھوں نے اپنے نمائندے کے ذریعے نیب کو مطلوبہ دستاویزات جمع کرائی تھیں۔ نیب اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ نیب شہبازشریف کیجانب سے بھیجے گئے جواب سے مطمئن نہیں ہوئی، قانون کے مطابق ملزم خود پیش ہوں، مطلوبہ معلومات فراہم کریں، اس سے قبل نیب نے شہباز شریف کو17اور22 اپریل کوطلب کیاتھا۔ عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈرشہبازشریف آج نیب میں پیش ہوں گے اور نیب سوالات کےجوابات دیں گے۔شہباز شریف کی نیب دفترطلبی کے موقع پر سیکیورٹی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، نیب دفترکےباہرپولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ راستے رکاوٹیں لگا کربند کر دیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ 22 اپریل کو طلبی پر قومی احتساب بیورو نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تنبیہی پیغام جاری کر کے کہا تھا کہ اگر انھوں نے تعاون نہیں کیا تو ان کے خلاف نیب قانونی راستہ اپنائے گا۔اس سے قبل 17 اپریل کو بھی انھیں طلب کیا گیا تھا لیکن وہ کرونا وائرس کا عذر کر کے پیش نہیں ہوئے، نیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر مکمل حفاظتی اقدامات اپنائے جائیں گے۔