اٹھارویں ترمیم سمیت دیگر اہم معاملات پر پاکستان مسلم لیگ ن نے اہم مشاورتی اجلاس آج 6 مئی کو طلب کرلیا ہے۔ ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف کی نیب میں طلبی اور 18 ویں ترمیم کے معاملے پر پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس بدھ کو ہو رہا ہے۔ مریم نواز کا بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کا امکان ہے۔ اجلاس صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا، جس میں چند رہنما ویڈیو لنک پر بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں نیب کی جانب سے شہباز شریف سمیت پارٹی کے سینیر رہنماؤں کے خلاف کارروائیوں پر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔ لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی اور دیگر لیگی رہنماوں کے خلاف نیب کارروائیوں سے متعلق بھی بات چیت کی جائے گی۔ اجلاس میں اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے حکومتی کوششوں اور اپوزیشن سے رابطوں پر بھی غور ہوگا۔