حکمران کتنا ہی معذرت خواہانہ رویہ اختیار کریں پوری قوم کشمیریوں کی پشت پر ہےامیر جماعت اسلامی کراچی کا کشمیریوں سے تاریخی یکجہتی کا اظہار کرنے پر اظہار تشکر کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے یوم یکجہتی کشمیر پر میٹرو پول تا قائد آباد 20کلو میٹر طویل انسانی ہاتھوں کی زنجیر میں اہل کراچی کی بھرپور شرکت اور کشمیریوں سے تاریخی اظہار یکجہتی پر اظہار تشکر کیا اور کہا ہے کہ اہل کراچی نے پھر ثابت کر دیا کہ وہ کشمیر کی آزادی کی جدو جہد میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں، حکمران خواہ کتنا ہی معذرت خواہانہ اور بزدلانہ رویہ اختیار کریں پوری قوم کشمیریوں کی پشت پر ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ انسانی ہاتھوں کی زنجیر میں کراچی کے نوجوانوں، بزرگوں، طلبہ، اساتذہ، مزدوروں اور وکلاء سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد خصوصاً خواتین نے زبردست جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور کئی گھنٹے تک شارع فیصل پر ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اپنے احساسات و جذبات کا اظہار کر کے تاریخ رقم کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری مائیں، بہنیں، بیٹیاں، نوجوان، بچے اور بزرگ خود کو تنہا نہ سمجھیں، ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر 30سال قبل سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد مرحوم کی اپیل پر منایا گیا تھا اور یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے، اس مرتبہ یوم یکجہتی کشمیر ماضی کی نسبت مختلف اور کشمیریوں کیلئے زیادہ مشکل اور کٹھن حالات میں منایا گیا کیونکہ 6ماہ سے اہل کشمیر غاصب بھارتی افواج کے محاصرے میں ہیں۔ ہماری حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کشمیر کوبھارتی چنگل سے آزاد کرانے کیلئے عملی اقدامات کرے۔