ایسے پراجیکٹس پورے ملک میں ہونے چاہئیں، صاحب حیثیت افراد کو آگے آنا چاہیے راولپنڈی : پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا ایثار مدینہ دسترخوان کا دورہ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایثار مدینہ دستر خوان منفرد پراجیکٹ ہے جس کیلئے پیپلز پارٹی زمرد خان کے ساتھ تعاون کرے گی۔ زمرد خان ہمیشہ مثالی کام کرتے ہیں، وہ بلا تفریق کام کر رہے ہیں۔ دستر خوان پر آدھے ریٹ میں کھانا اور 5روپے میں روٹی کی فراہمی سے سفید پوش طبقے کا بھرم رکھا گیا ہے۔ ایسے پراجیکٹس پورے ملک میں ہونے چاہئیں۔ صاحب حیثیت افراد کو آگے آنا چاہیے۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ پراجیکٹ کے تحت راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں 50تندوروں پر 5روپے میں روٹی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے جس سے سفید پوش لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ شیخ رزاق کا کہنا تھا کہ یہ کام اللہ کی رضا کیلئے کر رہے ہیں۔ لیگی رہنما راجہ اسرار کا کہنا تھا کہ پارٹی سے بالاتر ہو کر زمرد خان کے ساتھ ہیں۔