فیصل آباد: ایس او پیز کی پابندی کرنے والی دکانوں کی بندش قابل قبول نہیں کیونکہ اس سے بے روزگاری کے علاوہ ملکی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے آرٹ اینڈ بوتیک بارے قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر تاجروں کے مسائل کو بخوبی سمجھتا ہے اور ان کے حل کیلئے ہر سطح پر کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کا شروع دن سے موقف رہا ہے کہ ایس او پی کی پابندی کرنے والی دوکانوں کو کھولنے کی اجازت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں پابندی کرنے اور ان کی خلاف ورزی کرنے والوں میں واضح فرق ہونا چاہیے ۔ ایس او پی کی پابندی کرنے والوں کے موقف کو اعلیٰ سطح پر اٹھائیں گے ۔