وزیرصحت عذراپیچوہونے افتتاح کیا، حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی نئے شعبہ میں ریڈیالوجی، پیتھالوجی اورسرجری کی سہولتوں میں اضافہ کیا جائے گا کراچی: سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) نے اپنی طبی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے بریسٹ کینسر کے حوالے سے ایک نئے شعبہ کا آغاز کیا ہے جس کا افتتاح صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کیا۔ ایس آئی یو ٹی میں منعقدہ تقریب میں مہما ن خصوصی اور دیگر شرکاکو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں بریسٹ کینسر کی مہلک بیماری خواتین کے لیے خطرے کی علامت بن چکی ہے اور ہر 9 خواتین میں سے ایک اس بیماری میں مبتلا ہے ۔ بریسٹ کینسر کی یہ شرح ایشیا کے دوسرے ممالک کی نسبت زیادہ ہے۔ اس پس منظر میں سندھ کی وزیر صحت کو بتایا گیا کہ ایس آئی یو ٹی نے 2017 میں بریسٹ کینسر کے حوالے سے ایک یونٹ کا آغازکیا جس کا مقصد بریسٹ کینسر کے مریضوں کا جدید طریقوں اور سہولتوں کے ذریعے علاج کرنا ہے۔ وزیر صحت کو بتایا گیا کہ ایس آئی یوٹی اس نئے شعبے میں ریڈیالوجی، پیتھالوجی اور سرجری کی سہولتوں میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے یقین دلایا کہ وہ اس نئے وارڈ کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائیں گی۔ قبل ازیں ایس آئی یو ٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ادیب رضوی نے ادارے کے ارتقا اور سفر کی تفصیلات بتائیں۔