فردوس مارکیٹ کے قریب انڈر پاس ،جوہر ٹاؤن میں انٹرٹینمنٹ پارک تعمیر ہو گا لاہور: ایل ڈی اے 2ارب 13کروڑ روپے کی لاگت سے 2 منصوبے مکمل کرے گا۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سمیر احمد سید کی زیر صدارت ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں فردوس مارکیٹ گلبرگ کے قریب انڈر پاس کی تعمیر اور جوہر ٹاؤن میں انٹرٹینمنٹ پارک کے قیام کے منصوبوں کوعمل درآمد کے لئے کلیئر کر دیا گیا۔ اجلاس کوبتایاگیا سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے ایم ایم عالم روڈ اور کیولری گراؤنڈ کی طرف جانے والی ٹریفک کی سہولت کے لئے فردو س مارکیٹ چوک میں ایک ارب80کروڑ روپے کی لاگت سے انڈر پاس کی تعمیر کامنصوبہ مکمل کیاجائے گا۔یہ دورویہ انڈرپاس 540میٹرطویل اور دونوں طرف سے دودو لینز پر مشتمل ہوگا۔یہاں سے بارشی پانی کے اخراج کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے ۔ منصوبے کیلئے تقریباًسات کنال اراضی ایکوائر کی جائیگی ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا جوہر ٹاؤن میں علیم ڈارکرکٹ اکیڈمی سے ملحقہ 140کنال اراضی پر33کروڑ روپے کی لاگت سے لاہور کا پہلا انٹر ٹینمنٹ پارک تعمیر کیاجائے گا ۔یہاں جوگنگ ٹریک، جھیل ،جم ،باسکٹ بال کورٹ،ٹینس کورٹ، منی گالف کلب اور دیگر آؤٹ ڈور کھیلوں کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔