سیالکوٹ: سیالکوٹ کے حلقے این اے 75 ڈسکہ میں سیاسی کشیدگی برقرار ہے، لیگی قیادت اور پی ٹی آئی کےسینئر رہنماؤں نے ڈسکہ کا رخ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزرا شبلی فراز اور فواد چوہدری کچھ دیر میں ڈسکہ پہنچ رہے ہیں، ڈسکہ پہنچنے سے قبل ہی حکومتی شخصیات نے اہم پریس کانفرنس طلب کرلی ہے، یہ پریس کانفرنس شام چھ بجے کی جائے گی، عثمان ڈار، شبلی فراز، فواد چوہدری اور علی اسجد ملہی پریس کانفرنس کرینگے۔ ادھر نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز بھی پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ کچھ دیر میں ڈسکہ پہنچیں گی۔ گذشتہ روز مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ڈسکہ کے ضمنی انتخابات میں فتح کا دعویٰ کرتے ہوئے حکومت پر الزامات کی بوچھاڑ کردی تھی، مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کل تینوں حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کو شاندار فتح ملی۔ڈسکہ،وزیرآباد،نوشہرہ کےعوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ وہ وہ بڑی تعداد میں باہر نکلے اور مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ دیا، عوام نے دھونس جبر کا سامنا کیا اور اُس کے سامنے ڈٹے رہے۔ مریم نواز نے الزام عائد کیا تھا کہ کل انتخابات میں دھاندلی ہوئی جس کو بے نقاب کرنا ہے، ایک سیٹ کی خاطر دو بے گناہ نوجوانوں کی جانیں چلی گئیں، کل جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک کاتعلق حکمراں جماعت سے بھی تھا، دو نوجوانوں کی جانیں دھاندلی اور سیاست کی نذر ہوگئیں۔