مشترکہ کاوشوں سے کورونا وائرس کو شکست دینے کے لئے پرعزم ہیں،عشرت علی فیصل آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کی طرف سے انسداد کورونا وائرس کے سلسلے میں مہیا کیا گیا طبی سازوسامان پاک آرمی کے اعلیٰ آفیسر نے کمشنر آفس میں ڈویژنل کمشنر عشرت علی کے حوالے کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد علی،ڈی ایچ او ڈاکٹر بلال احمد،پاک آرمی کے افسر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر بتایا گیا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے بھجوائے گئے مختلف نوعیت کے طبی سازوسامان میں پرسنل پروٹیکٹو ایکوپمنٹ،فیس وائزر،گوگلز،حفاظتی فیس ماسک،گلوز،سینی ٹائزر ودیگر سامان شامل ہے جو ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجے پر مامور ڈاکٹرزودیگر معاون سٹاف میں تقسیم کیا جائے گا۔ڈویژنل کمشنر نے بتایا انسداد کورونا اقدامات پر بھرپور انداز میں عملدرآمد کیا جارہا ہے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے موصول ہونے والاطبی سازوسامان شفاف اندازمیں ضرورت کے مطابق ہسپتالوں کو فراہم کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا ڈویژنل ،ضلعی انتظامیہ،پولیس اور پاک آرمی شہریوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے سرگرم ہیں اور مشترکہ کاوشوں سے کورونا وائرس کو شکست دینے کے لئے پرعزم ہیں۔