حکومت تعلیم انصاف کارڈ متعارف کروائے گی :صوبائی وزیرایکسائز حافظ ممتاز احمد وی سی پروفیسرڈاکٹر اشرف،صدرچیمبر رانا سکندر ،ڈی جی پاسٹک اکرم شیخ کابھی خطاب فیصل آباد: زرعی یونیورسٹی میں کالج و یونیورسٹی طلبہ کے مابین سائنس و ٹیکنالوجی، انجینئرنگ و میتھیمیٹکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں نئے آئیڈیاز پر مبنی نمائش ایکسپو سنٹر میں منعقد کی گئی۔ ایک روزہ نمائش میں ملک بھر سے 50تعلیمی اداروں کے طلبہ نے 120سے زائد پراجیکٹس کے ساتھ شرکت کی۔ صوبائی وزیرایکسائز حافظ ممتاز احمدنے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف،صدرچیمبر رانا سکندر اعظم اور پاسٹک کے ڈائریکٹر جنرل محمد اکرم شیخ کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔ سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے صوبائی وزیرنے کہا کہ حکومت تعلیم اور صحت کوترجیحات میں شامل کئے ہوئے ہے اور ضرورت مند خاندانوں کیلئے صحت انصاف کارڈ کی طرز پر باصلاحیت مگر کم وسائل کے حامل نوجوانوں کیلئے بنیادی و اعلیٰ تعلیم کیلئے تعلیم انصاف کارڈ متعارف کروائے گی تاکہ ضرورت مند خاندانوں کے بچے وسائل نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم جیسے زیور سے محروم نہ رہ سکیں۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ پوری دنیا میں جامعات کے نوجوان نئے آئیڈیاز کے ساتھ چھوٹے کاروبارشروع کرنے کی روایت ڈالتے ہیں جسے متعلقہ انڈسٹری آگے بڑھ کر بڑے کاروبار کے طو رپر سامنے آنے کے وسائل مہیا کرتی ہے ۔ یونیورسٹی ہر سال پاسٹک اور ڈائس فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر ملک بھر کی جامعات میں زیرتعلیم طلبہ کو اپنے بزنس آئیڈیاز متعارف کروانے کا پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جن کے ذریعے درجنوں نئے کاروبار شروع ہوئے ۔ ڈائریکٹر جنرل پاسٹک ڈاکٹر محمد اکرم شیخ نے کہا کہ ایک اچھوتا آئیڈیاز ملکی معیشت میں اربوں روپے اضافے کا باعث بن سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ ان کا ادارہ ہر سال باقاعدگی سے تعلیمی اداروں کے نوجوانوں میں سائنسی نمائش کا انعقاد کرواتا ہے ، ایوان صنعت و تجارت کے صدر رانا سکندر اعظم خاں نے کہا کہ ان کا ادارہ یونیورسٹی ماہرین کے ساتھ ملکرکام کر رہا ہے اور انڈسٹری کو درپیش مسائل و مشکلات یونیورسٹی کے ذمہ داران تک پہنچاتا ہے ۔