اسلام آباد: ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 26 اشیائے ضروریہ مہنگی ہو گئیں۔ ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی گئی۔ جس کے مطابق منہگائی کی ہفتہ وار شرح 13.48 فیصد پر آگئی جبکہ 7 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 18اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے منہگائی کی شرح میں 0.57 فیصد کمی ہوئی۔ انڈے 16 روپے 38 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے اور چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں ایک روپے 68 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد چینی کی اوسط فی کلو قیمت 98 روپے 36 پیسے پر پہنچ گئی۔ ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 6 پیسے اضافہ ہوا جبکہ حالیہ ہفتے آلو کی فی کلو قیمت 89 پیسے بڑھ گئی۔ تازہ دودھ کی قیمت میں فی کلو ایک روپے 45 پیسے، دہی ایک روپے 37 پیسے فی کلو مہنگا ہوا اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 9 روپے 76 پیسے مہنگا ہوا۔