لاہور: وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر رہی ہے ،ہم میانوالی کے لوگوں کی محبت کے مقروض ہیں ، ماضی میں میانوالی کو اپوزیشن کا علاقہ سمجھ کر دانستہ پسماندہ رکھا گیا، میانوالی کو سہولتوں کے اعتبار سے مثالی شہر بنائیں گے ،گزشتہ دنوں ترقی کے مخالف لوگ مختلف پلان لے کر اسلام آباد آئے ،یہ لوگ پاکستان کی ترقی کا سفر روکنے کے لئے آئے تھے ،یہ لوگ سن لیں کہ پاکستان میں کوئی پلان اے ،بی یا سی کامیاب نہیں ہوگا بلکہ صرف ایک ہی پلان کامیاب ہوگا اور وہ پاکستان کے عوام کی ترقی کا پلان ہے ،کسی کو ترقی کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے ،وہ میانوالی میں 19ارب روپے کے 8میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے سرائیکی زبان میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ میانوالی کے عوام کے لئے اربوں روپے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیاہے ،میانوالی میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بھی بنے گااور نرسنگ کالج بھی قائم ہوگا،پنجاب کے 5بڑے شہروں میں 5مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جائیں گے ،میانوالی میں مد ر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیاگیاہے ،ضلع میانوالی میں صحت کے 4بڑے منصوبوں پر 5ارب57کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں ،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میانوالی،تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پپلاں اور کالا باغ کے ہسپتال کی تعمیر و مرمت کا کام شروع کردیا گیا،15 دیہی و بنیادی مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کا کام بھی جاری ہے ، یونیورسٹی آف میانوالی کا سنگ بنیاد رکھا گیاہے ،میانوالی سرگودھا روڈ کا سنگ بنیاد رکھا گیاہے ،30کلو میٹر طویل سٹرک کی تعمیر کا پہلا مرحلہ 5ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے پر ساڑھے 13ارب روپے لاگت آئے گی۔وزیراعلیٰ نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں عوام کی سہولت اورضرورت کے مطابق قوانین میں ترامیم کی جا رہی ہیں ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر میاں خالد محمود، اراکین پنجاب اسمبلی نوابزادہ منصور احمد خان، محمد رضا حسین بخاری، محمد عون حمید، میاں علمدار عباس قریشی، نیاز حسین خان، سردار احمد علی دریشک اور دیگر شامل تھے ۔ وزیر اعلی ٰنے راولپنڈی کے علاقے میں زیادتی کے بعد بچی کے قتل کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے گلبرگ میں گھر کے باہر لڑکی کے قتل کے واقعہ کے بارے میں سی سی پی او لاہورسے رپورٹ طلب کر لی ہے اور قتل کے واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری کاحکم دیا ہے ۔