شہر میں امن برقرار رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہیں ،مظہر گیلانی اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ،ڈپٹی کمشنر ملتان: ا مریکہ ایران کشیدگی کے پیش نظرضلعی امن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیرصدارت سرکٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔ ممبران امن کمیٹی نے متفقہ طور پر پاکستان میں امن و امان برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ممبران نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر حملے کی شدید مذمت کی اور حکومت کو ایران امریکہ کشیدگی میں غیرجانبدار رہنے کا مشورہ دیا۔ضلعی امن کمیٹی کے رکن پروفیسر مظہر گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن برقرار رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہیں ۔ علامہ فاروق خان سعیدی ، علی رضا گردیزی ، محمد سلیم بلالی ،سید حسن رضا مشہدی ،مزین عباس چاون نے بھی خطاب کیا ،ڈپٹی کمشنر عامرخٹک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے ،اتفاق سے ملک دشمن عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا جا سکتا ہے ۔عامر خٹک نے کہا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ،ہر شہری کی جان اور مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی کو فوکل پرسن مقرر کرنے کا اعلان کیا ۔ایس ایس پی آپریشن کاشف اسلم نے کہا کہ پولیس تمام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔