پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے نامور اداکار علی عباس کی بیٹی نے کینسر جیسی سنگین بیماری میں مبتلا مریضوں کے لیے اپنے بال عطیہ کردیے۔ اداکار نے اپنی بیٹی کی تصاویر انسٹاگرام اکاونٹ پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی جبکہ اس پوسٹ میں انہوں نے یہ بھی لکھا کہ انہیں اپنی بیٹی پر بےحد فخر محسوس ہورہا ہے۔ اپنی پوسٹ میں علی عباس نے لکھا کہ ان کی 6 سالہ بیٹی رئیسہ نے اپنے 13 انچ لمبے بال کینسر میں مبتلا مریضوں کے لیے عطیہ کردیے۔ جبکہ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ایسا کرنے پر کسی نے ان کی بیٹی کو مجبور نہیں کیا، بلکہ اس نے خود ایسا کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس پوسٹ پر مداحوں نے علی عباس کی بیٹی کو اس عمل پر خوب سراہا اور ساتھ ہی اس کے اچھے نصیب کی دعائیں بھی کیں۔ خیال رہے کہ کینسر میں مبتلا مریض علاج کے دوران اپنے بالوں سے محروم ہوجاتے ہیں اور اس دوران انہیں لوگوں کی جانب سے عطیہ کیے ہوئے بالوں کی وگز فراہم کی جاتی ہیں۔ علی عباس کے کیریئر کے حوالے سے بات کی جائے تو اس وقت وہ جیو ٹی وی کے ڈرامے 'کہیں دیپ جلے' میں کام کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کئی اور ڈراموں میں کام کرچکے ہیں جنہیں مداحوں نے کافی پسند کیا۔ ان ڈراموں میں 'نقب زن'، 'تم کون پیا' اور 'گھر تتلی کا پر' شامل ہیں۔