واجبات کی عدم وصولی پر صارفین کے کنکشنز منقطع کئے جائیں سی ای او میپکو ملتان : چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر طاہر محمود نے کہا ہے کہ افسران مہینے کے آغاز سے ہی جوش وجذبے سے کام کریں تاکہ اہداف کے حصول میں زیادہ محنت نہ کرنی پڑے ۔ سپرنٹنڈنگ انجینئرز 2سے 4ماہ کے عرصے کے دوران جلنے والے میٹرز کو فوری طورپر تبدیل کروائیں اور اتارے گئے میٹرز ایم اینڈ ٹی لیبارٹری بھجوائے جائیں ۔ ڈسٹری بیوشن سسٹم کی مرمت کے لئے شروع کئے گئے کریش مینٹی نینس پروگرام پر شیڈول کے مطابق عملدرآمد کیاجائے اور فیڈرز کے لائن لاسز مزید کم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔وہ میپکو ہیڈ کوارٹر زمیں ویڈیولنک کے ذریعے ریجن بھر کے سپرنٹنڈ نگ انجینئرز کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آگ مینٹیشن پروگرام کے تحت ٹرانسفارمرز فوری تبدیل کئے جائیں اور اتارے گئے ٹرانسفارمرز سٹورز میں جمع کروائے جائیں ۔ ریجن بھر میں واجبات ،بقایاجات ادانہ کرنے والے صارفین اور ان کے ناموں سے لگے دیگر تمام کنکشنز فوری طورپر منقطع کئے جائیں ۔ سرکاری اداروں ، صنعتوں ، ٹیوب ویلوں اورتمام کیٹگریز کے پرائیویٹ صارفین سے واجبات ،بقایاجات وصولی یقینی بنائی جائے ۔ ڈیفالٹ کرنے والے سرکاری اور پرائیویٹ صارفین کے کنکشنز فوری طور منقطع کئے جائیں ۔ بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کیاجائے اورـمقدمات کا اندراج بھی یقینی بنایاجائے ۔ کمرشل مارکیٹس، پلازوں، شاپنگ سنٹرز میں رات کے اوقات میں چیکنگ یقینی بنائی جائے ۔