اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی رائے پر من و عن عمل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پرانے طریقہ کار سے سینیٹ الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت ہونے والے اہم اجلاس کے بعد سامنے آیا ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ آرٹیکل218تین کےتحت شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ موصول ہوگیا ہے، سینیٹ انتخابات گزشتہ سالوں کی طرح خفیہ بیلٹ پیپر کےذریعے ہونگے، ایوان بالا کے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئےتمام اقدامات کئےجائیں گے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ماضی کے طریقہ کار کے تحت ہی الیکشن منعقد کرے گا، سینیٹ الیکشن میں ٹیکنالوجی کے استعمال کےلئےتین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، اسپیشل سیکریٹری کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی چار ہفتےمیں رپورٹ دیگی، کمیٹی کو نادرا اور دیگر اداروں تک رسائی حاصل ہوگی۔ گذشتہ روز سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی تحریری رائےسامنے آئی تھی ، صدارتی ریفرنس پرسپریم کورٹ کی تحریری رائے 8 صفحات پرمشتمل تھی۔ تحریری رائے میں کہا گیا تھا کہ سینیٹ الیکشن آئین اور قانون کے تحت ہوتے ہیں، الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کیلئے تمام اقدامات کر سکتا ہے اور تمام ادارے الیکشن کمیشن کیساتھ تعاون کے پابند ہیں۔ سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کاانعقاد آئین اور قانون کے تحت ہوتاہے جبکہ انتخابی عمل کوکرپٹ عمل سے تحفظ فراہم کرنابھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔