وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں اور پاکستان کی جانب سے اظہار یکجہتی کے لیے یہاں حاضر ہوا ہوں۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے حوالہ سے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری ہر روز سچائی کا آئینہ دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کوئی بھی حکومت ہو، میرا فرض ہے کہ آگے بڑھ کر تعاون کروں اور ہمارے تعاون میں کسی قسم کی کمی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے بچوں کو قربان کرسکتے ہیں لیکن اپنی آزادی کو کبھی نہیں۔
وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے دہشتگردی کے سلسلے کو جاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت جو فرنٹ کھولے گا اسی محاذ پر کبھی نہ بھولنے والا جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں بھارتی گھمنڈ خاک میں ملا، اور اس معرکے میں پاکستان کی فتح دراصل کشمیریوں کی بھی فتح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے دہشتگردی تیز کر رہا ہے، مگر سفارتی محاذ پر بھارتی بیانیہ ناکام ہو چکا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق سے کشمیر کاز دنیا میں دوبارہ پوری قوت سے زندہ ہوا اور ہمیں اتحاد و اتفاق کے ذریعے دشمن کے عزائم ناکارہ بنانا ہوں گے۔ انہوں نے بھارت کے جارحانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ امن برابری اور انصاف کی بنیاد پر ہی قائم ہو سکتا ہے۔
وزیراعظم نے فلسطین اور کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کا بھی اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے غزہ میں امن قائم کرنے کے لیے اصولی اقدامات کیے ہیں۔