بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ،17فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ کیخلاف احتجاجمطالبات نہ مانے گئے تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے :میاں نعیم احمد فیصل آباد : شہر کی تمام تاجر اور صنعتکار تنظیموں نے گزشتہ روزفیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں میاں نعیم احمد چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی زیر صدارت اجلاس میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ،17فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ اور شناختی کارڈ کی شرط کیخلاف کل چوک گھنٹہ گھر میں دوپہر 2بجے احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم احتجاجی کیمپ میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے ۔ میاں نعیم احمد نے کہا حکومت کیساتھ بجلی اور گیس کی قیمتیں رعایتی نرخوں پر طے ہونے کے باوجود اس کی قیمتیں بڑھائی گئیں حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ میں کمی آئے گی بلکہ ملک میں بے روزگاری کا طوفان آئیگا۔ اجلاس میں رانا سکندر اعظم صدر فیصل آبادچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے علاوہ تمام تاجر اور صنعتکار تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور اس کی متفقہ طور پر تائید کی۔