دھنوٹ : ٹاؤن کمیٹی دھنوٹ کے 26 ملازمین کو گزشتہ 4ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئیں ۔ جس کے باعث ملازمین نے کام چھوڑ کر احتجاجاًہڑتال کر کے ٹاؤن کمیٹی دھنوٹ آفس کے بیرونی گیٹ پر دھرنا دے دیا ۔ ملازمین کے کام پر نہ جانے کی وجہ سے شہر کی ہر گلی جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگی ہے جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ملازمین محمد اقبال عرف نتھا، اﷲ بخش ،پرویزمسیح ،یونس مسیح و دیگر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر ہمارے گھروں میں فاقے ہیں ۔دوائی تک کے پیسے نہیں ہوتے ۔ ادھار سودا سلف دینے کی بجائے دکانداروں کے ہاتھ ہمارے گریبانوں تک پہنچ جاتے ہیں۔ روزے رکھنے کیلئے بھی مشکلاے کا سامنا ہے ۔عید سر پہ ہے لیکن بچوں کی عید کی خوشیاں ماند پڑ چکی ہیں۔ ملازمین نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب ، کمشنر ملتان اور ڈی سی او لودھراں سے مطالبہ کیا ہے کہ ہماری تنخواہیں دی جائیں ۔