تازہ ترین

توہین عدالت کیس؛ فردوس عاشق اعوان نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی

توہین-عدالت-کیس؛-فردوس-عاشق-اعوان-نے-عدالت-سے-غیر-مشروط-معافی-مانگ-لی

اسلام آباد: عدلیہ مخالف پریس کانفرنس پر فردوس عاشق اعوان نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں عدلیہ مخالف پریس کانفرنس پر فردوس عاشق اعوان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان روسٹرم پر آئیں تو چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ آپ بڑی پوزیشن پر ہیں وزیراعظم کی معاون خصوصی ہیں، آپ نے اپنی پریس کانفرنس کے ذریعے زیر سماعت مقدمہ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی، میرے بارے میں جو کچھ کہیں مجھے کوئی مسئلہ نہیں، مری ذات کے حوالے سے جو کچھ کہاجاتا ہے میں پروا نہیں کرتا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ آپ حکومت کی ترجمان بھی ہیں اور اہم ذمہ داری آپ کے پاس ہے، ہم نے حلف لیا ہوا ہے، حکومت کی عزت کرتے ہیں لیکن پریس کانفرنس نہیں کرسکتے، کبھی کوئی کہتا ہے ڈیل ہوگئی ہے آپ حکومت ہیں ذمہ داری دکھائیں جب کہ میں توقع کرتا ہوں کہ جو کچھ آپ نے کہا وہ وزیراعظم نے آپ کو نہیں کہا ہوگا۔ فردوس عاشق اعوان نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ شکرگزار ہوں کہ آپ نے کچھ باتوں کی نشاندہی کی، میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ میرے الفاظ سے عدلیہ کی توقیر میں کمی ہو، میں آپ کی ذات کو اچھی طرح جانتی ہوں جس پر چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ میری ذات پر نہ جائیں جو مسئلہ ہے اس پربات کریں،      فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میرے کہنے سے عدلیہ کی توہین ہوئی تو معذرت چاہتی ہوں تاہم کبھی بھی جان بوجھ کرعدلیہ مخالف بات کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ عدالت نے فردوس عاشق اعوان کی جانب سے غیر مشروط معافی مانگے جانے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو تھوڑی دیربعد سنایا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں