فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکا روں کو سخت محکمانہ احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا ملتان: ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جانفشانی سے فرائض سرانجام دینے والے پولیس اہلکا ر محکمے کے ماتھے کا جھومر ہیں انکی خدمات کے اعتراف کیلئے سول سوسائٹی کو بھی کھل کر انکی حمایت میں آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو فیلڈ میں تعینات کرکے محکمے کی کارکردگی کو بہتر کیا جارہا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ریجنل پولیس آفس میں بہترین کارکردگی پر پولیس اہلکاروں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ وسیم احمد خان نے ایلیٹ فورس کے 6اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا، اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ جانفشانی سے ڈیوٹی سرانجام دینے والے اہلکا روں کو ہر مرحلے پر محکمے کی جانب سے سپورٹ کیاجائیگا جبکہ اپنے فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکا روں کو سخت محکمانہ احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار خلوص نیت سے مظلوم عوام کی دادرسی کے اقدامات کریں۔وسیم احمد خان کا کہنا تھا کہ ریجن میں امن و امان کی مثالی صورتحال قائم ہے ۔