پولیس افسر پیشہ وارانہ مہارت کو بروئے کار لائیں :آر پی او رفعت مختار کی ہدایت فیصل آباد: آر پی او کی صدارت میں ریجن بھر کی کرائم کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ماتحت چاروں اضلاع کے پولیس سربراہان نے شرکت کی ۔اس موقع پر سی پی او فیصل آبادکیپٹن (ر)سہیل احمد چودھر ی، ڈی پی او چنیوٹ سید حسنین حیدر شیرازی، ڈی پی او جھنگ محمد حسن رضا خان اور ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ وقارشعیب قریشی نے شرکت کرکے اپنے اپنے اضلاع کی کرائم کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر رفعت مختار راجہ ریجنل پولیس افسرفیصل آبادنے کیٹگری وائزکرائم کا جائزہ لیا۔انہوں نے سٹریٹ کرائم بالخصوص ڈکیتی و راہزنی کے خاتمہ اور اس میں کمی کے حوالے سے بحث کی۔جرائم کی روک تھام کیلئے موثر اور قابل عمل حکمت عملی اختیار کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس پیٹرولنگ کو نتیجہ خیزبنائے بغیرمجرمان اشتہاری کی گرفتاری اور ریکارڈ یافتہ مجرموں سے پوچھ گچھ کا عمل اختیارکیے بغیر جرائم میں کمی لانا نا ممکن ہے ۔ انہوں نے تمام پولیس افسروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ مہارت کو بروئے کار لائیں ۔اپنے فرائض منصبی محنت اور ذمہ داری سے ادا کریں۔تعلیمی اداروں ،عبادت گاہوں ،حساس تنصیبات،اہم عمارتوں،غیر ملکیوں بالخصوص چائینز کی حفاظت کیلئے باہمی تعاون و مشاورت سے فول پروف سکیورٹی انتظامات عمل میں لائے جائیں۔