تازہ ترین

جسٹس قیوم کمیشن رپورٹ جھوٹ پرمبنی تھی،عطاءالرحمان

جسٹس-قیوم-کمیشن-رپورٹ-جھوٹ-پرمبنی-تھی،عطاءالرحمان

تاحيات پابندی کا شکار پاکستان کےسابق فاسٹ بولر عطا الرحمان نے جسٹس قيوم کميشن کی رپورٹ پر تنقيد کی ہے اور کہا ہے کہ رپورٹ جھوٹی سفارشات پر بنائی گئی تھی ،اس ملک میں سچ نہیں بولا جاسکتا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں عطاالرحمان کا کہنا تھا کہ رپورٹ کی سفارشات جھوٹ پر مبنی تھيں، پی سی بی سے اپيل کرتا ہوں کہ جسٹس قيوم رپورٹ کو جلا دے۔ عطاالرحمان نے مزید کہا کہ یہ رپورٹ سلیم ملک اور عطاالرحمن کی زندگی تباہ کرنے کیلئے بنائی گئی تھی۔ سابق فاسٹ بولر عطاالرحمان نے 20 برس بعد خاموشی توڑتے ہوئے پچھلے ماہ وسيم اکرم کے بعد راشد لطيف اور عامر سہيل پر بھی الزامات عائد کئے اور کہا تھا کہ سابق کپتان وسيم اکرم کے کہنے پر کمیشن میں میچ فکسنگ پر بیان تبدیل کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وسیم اکرم کی وجہ سے میرا کيرئير تباہ ہوا اور میں اس وقت تک چپ نہیں بیٹھوں گا جب تک وسیم اکرم دنیا کو یہ نہیں بتا دیتے کہ میں نے ٹھیک کہا تھا۔ انہوں نے راشد لطيف اور عامر سہيل پر سياست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے ان سے حلف نامہ لکھوايا اور پھر ليک کرديا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑے محب وطن بنتے ہیں لیکن یہ صرف اپنے مقصد کیلئے کام کرتے ہیں۔ تاہم عامر سہيل نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے حلف نامہ نہيں لکھوايا بلکہ عطاالرحمان نے ہم سے مشورہ ليا تھا۔ ایک ماہ قبل عطاء الرحمان نے پاکستان کرکٹ ميں کوچنگ کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ انھوں نے سابق چئیرمین پی سی بی نجم سيٹھی پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کوچنگ کا کہہ کر بلايا جاتا اور تين تين گھنٹے باہر بٹھاتے۔ عطا الرحمان کے الزامات پر سابق چيئرمين پی سی بی نجم سيٹھی کا کہنا تھا کہ عطاء الرحمان کو پہچانتا تک نہيں،بورڈ کی پارکنگ میں دومرتبہ ملاقات ہوئی تومجھ سے نوکری مانگی، اس وقت میرٹ پرايسی کوئی نوکری نہيں تھی جو عطاء الرحمن کودیتا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں