کراچی: جماعت اسلامی کے سابق امیر منور حسان کی طبیعت ناساز ہونے کے بعد انہیں آئی سی یو منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ خبر امیر جماعت اسلامی کراچی نعیم الرحمان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں دی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کی ٹیم مستقل نگرانی اور رابطے میں ہے، سید صاحب کی صحت کے لیے جو ممکن ہوا انشاءاللہ کیا جائے گا۔ٹویٹر پیغام میں امیر جماعت اسلامی کراچی نعیم الرحمان کی جانب سے جماعت اسلامی کے سابق امیر منور حسن کے لئے دعا بھی کی گئی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی ہمارے سید صاحب کو شفائے کاملہ عاجلہ عطا فرمائے۔ آمین۔ https://twitter.com/NaeemRehmanEngr/status/1270994980329357312 اس حوالے سے مختلف خبریں گردش کر رہی ہیں کہ ان کی طبیعت گزشتہ روز تک سنبھل گئی تھی لیکن گزشتہ رات طبیعت ناساز ہونے کے بعد انہیں آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ منور حسن جماعت اسلامی کے سابق امیر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے بطور امیر جماعت اسلامی اپنی ذمہ داریاں مارچ 2009 میں سنبھالی تھیں جس کے بعد وہ مارچ 2014 تک جماعت اسلامی کے امیر رہے تھے۔ 1941 میں بھارت کے شہر دہلی میں پیدا ہونے والے منورحسن نے جماعت اسلامی کے رکن ہونے کی حیثیت سے پاکستان کی فلاح وبہبود کے لئے خوب کام کیا ہے جس کا اندازہ ہر اس انسان کو آج بھی ہے جنہوں نے انہیں کام کرتے دیکھا ہے یا ان کے بارے میں پڑھا ہے۔ان کا شمار جماعت اسلامی کے ان ارکان میں ہوتا ہے جنہیں شاید کبھی بھولا نہیں جا سکتا۔ ان کا طرز گفتگو ان کی پہچان تھا۔ تا ہم اب ان کی صحت کے حوالے سے مناسب خبریں سامنے نہیں آ رہی ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی نعیم الرحمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ منور حسن کی طبیعت خراب ہونے کے باعث انہیں آئی سی یو منتقل کر دیا گیا ہے۔