پاکستان کی 15 سالہ طالبہ ایشل عامر نے ریاضی کی اعلیٰ ترین کتاب لکھ کر شعبہ ریاضی میں تہلکہ مچا دیا، کتاب کا نام رکھا گیا ہے۔ THE MATHEMATICAL EVOLUTION ایشل عامر کی کتاب آن لائن سیلنگ ویب سائٹ ایمیزون پر بہترین فروخت کے ساتھ مقبولیت کے ریکارڈ قائم کررہی ہے، ایشل کے والد عامر شہزاد کا کہنا ہے کہ ایشل انتہائی ذہین طالبہ ہے اور گزشتہ کئی سالوں میں سکول میں بہترین طالبہ کا ایوارڈ بھی حاصل کرتی رہی ہے جبکہ ریاضی کے مضمون میں بھی اس نے ہمیشہ بہت اچھے نمبر حاصل کیے ہیں۔ ایشل کئی عالمی مقابلوں میں انعامات بھی حاصل کر چکی ہیں، اس موقع پر THE MATHEMATICAL EVOLUTION کی مصنفہ ایشل عامر نے کہا کہ ان کا شروع سے ہی ریاضی کے مضمون سے لگاؤ ہے اور ان کی کتاب میں ریاضی سے لگاؤ رکھنے والے افراد کے لیے انتہائی اہم معلومات ہیں۔ نامور پاکستانی اور معروف کاروباری شخصیت رانا عابد حسین نے ایشل کو کم عمری میں اتنی بڑی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اس بات کا اعتراف کیا کہ ایشل عامر جیسے بچے پاکستانی قوم کا سرمایہ ہیں۔ رانا عابد حسین نے ایشل عامر کے لیے پاک جاپان بزنس کونسل کی جانب سے خصوصی نقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ وہ ایسے بچوں کی سرپرستی جاری رکھیں گے۔