تازہ ترین

حب ڈیم سے فراہمی آب کیلئے سپلائی سسٹم بہتر بنائینگے ، وزیر بلدیات

حب-ڈیم-سے-فراہمی-آب-کیلئے-سپلائی-سسٹم-بہتر-بنائینگے-،-وزیر-بلدیات

ٹیکنیکل کمیٹی تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی، ناصر شاہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ کے افسران کا اجلاس،نئے منصوبوں پر بھی غور کراچی: وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کو حب ڈیم سے 100 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سپلائی سسٹم کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ کے تحت ازسر نو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ کے افسران سے پانی کی فراہمی کے مختلف منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت میں کی۔ اجلاس میں سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ، منیجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ اسداللہ خان، چیف انجینئر ظفر پلیجو، سپرنٹنڈنٹ انجینئر سکندر علی، ڈی جی پی پی پی یونٹ خالد شیخ اور سہیل عابد بھی موجود تھے ۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر ٹیکنیکل کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی، جس کے سربراہ ایم ڈی واٹر بورڈ ہونگے ، واٹر بورڈ کے دیگر افسران اور پی پی پی یونٹ کے دو ممبران بھی ٹیکنیکل کمیٹی میں شامل ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد اپنی حتمی سفارشات وزارت بلدیات کو پیش کریگی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حب ڈیم سے کراچی کو 100 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے مگر حب کینال سمیت پورا سسٹم ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور بوسیدہ ہوچکا جس کے باعث پانی کراچی تک پہنچتے پہنچتے 50 فیصد ضائع ہوجاتا ہے، ضروری ہے کہ پورے سسٹم کو از سر نو بہتر بنایا جائے ۔ اجلاس میں واٹر بورڈ کے پورے سسٹم کو سولر پاور پر منتقل کرنے کی تجویز اور پانی کے نئے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا، جبکہ پانی کے متبادل ذرائع اور پانی کو صاف کرنے کے سلسلے میں مختلف پلانٹس لگانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں