عوام کیلئے رمضان پیکیج کا اعلان کیاگیا نہ کوئی ریلیف دیاگیا،گلبرگ میں تقریب سے خطابکورونا وائرس اہل ایمان کیلئے آزمائش اور خدائی کا دعویٰ کرنے والوں کیلئے عذاب ہے کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اہل ایمان کے لیے آزمائش اور خدائی کادعویٰ کرنے والوں کے لیے عذاب ہے ، رمضان المبار ک کی آمد آمد ہے لیکن حکومت کی جانب سے عوام کے لیے رمضان پیکیج کا اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی ریلیف دیاگیا،حکمران پارٹیاں صلاحیت نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو ڈیلیور کرنے میں ناکام ہورہی ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع وسطی گلبرگ کے تحت تقریب رمضان گفٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ، قیم ضلع حسین احمد مدنی، ناظم علاقہ عرفان شاہ ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہا کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ ہم سب پر سایہ فگن ہونے والا ہے، رمضان المبارک رحمتوں، بخششوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، یہ نیکیوں کا موسم بہار ہے ۔ اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں کرنی چاہئیں، پاکستان کا تحفہ اس مہینے میں ملا اور پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا لہٰذا اس ملک میں اسلامی نظام رائج ہونا چاہئے ۔ رمضان کا احترام بھی ہونا چاہئے اورہمیں کثرت سے توبہ،رجوع الی اللہ اور استغفار کا اہتمام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے گناہوں کی معافی کرا سکیں اور اللہ کی جانب سے کورونا آزمائش سے نجات حاصل کرسکیں۔عرفان شاہ نے کہاکہ کورونا وائرس سے متاثرہ خاندانوں، مستحقین و ضرورت مندوں کے لیے لاکھوں روپے کا فنڈ جمع کیا گیا اور ضرورت مندوں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے رات کی تاریکی میں گھر گھر جاکر راشن پہنچایا گیا، ضلع گلبرگ میں 10 سے زائد مقامات پر ریلیف سینٹر بنائے گئے۔