مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت جان بوجھ کر ٹیسٹوں کی تعداد نہیں بڑھا رہی۔ مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے صوبائی وزیر برائے محکمہ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ طبی ماہرین چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں حکومت ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھائے، پنجاب حکومت جان بوجھ کر کورونا وائرس سے متاثرین کے ٹیسٹوں کی تعداد نہیں بڑھا رہی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت آج شہباز شریف کی بنائی ہوئی فرانزک لیب سے فائدہ اٹھارہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کورونا وائرس کے تمام ٹیسٹ فرانزک لیب سے کر رہی ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کورونا کے ٹیسٹ نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کی اصل تعداد سامنے نہیں آ رہی۔