دفاع کے بعد ہیلتھ سکیورٹی پر توجہ دینے کی ضرورت،25ہزار سے کم آمدن والوں کے بجلی و گیس بل معاف کئے جائیں احتیاطی تدابیر کیساتھ اللہ کو راضی کیا جائے ، بہترین طریقہ تلاوت قرآن کریم اور رکوع وسجود ہیں:امیر جماعت اسلامی لاہور : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کورونا وبانے ثابت کیا ہے کہ دفاع کے بعد ہیلتھ سکیورٹی پر سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔حکومت سرخ لکیر پر کھڑی ہے ، اس کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں۔ یوم توبہ کے موقع پر مزدوروں کیلئے کھانے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں پانچ کورونا کیس رپورٹ ہوں، اس علاقے کو سیل کرکے تمام لوگوں کی سکریننگ کی جائے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ 70فیصد پرائیویٹ ہیلتھ سیکٹر کو بھی سرکاری نظام کا حصہ بنایا جائے ، جنگی بنیاد پر فرنٹ لائن کیئر سٹاف منظم کرکے انہیں مکمل حفاظتی انتظامات کے ساتھ فیلڈ میں اتار ا جائے ، حکومت سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں کو وینٹی لیٹرز کی فوری فراہمی یقینی بنائے ، سستے ماسک ،سینی ٹائزر اور صابن کا عام انتظام کرے ،ڈیلی ویجر،مزدوروں ،گھروں میں کام کرنے والوں کیلئے اعلان کردہ پیکیج پر عمل کرائے ،25ہزار روپے سے کم آمدن والوں کو بجلی و گیس کے بل معاف کرے ۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کیساتھ اللہ کو راضی کرنے کی بھی ضرورت ہے ، جس کا بہترین طریقہ تلاوت قرآن کریم اور رکوع وسجود ہیں ۔